شیطان کی چوری

                                         
 
ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے زکاۃ رمضان یعنی صدقہ فطر کی حفاظت مجھے سپر د فرمائی تھی۔ ایک آنے والا آیا اور غلہ بھرنے لگا، میں نے اسے پکڑلیااور یہ کہاکہ تجھے حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)کی خدمت میں پیش کروں گا۔ کہنے لگا، میں محتاج عیال دار ہوں، سخت حاجت مند ہوں، میں نے اسے چھوڑ دیا۔

 جب صبح ہوئی حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا: ابوہریرہ !تمہارا رات کا قیدی کیا ہوا؟ میں نے عرض کی، یارسول اﷲ(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)!اس نے شدید حاجت اور عیال کی شکایت کی، مجھے رحم آگیا چھوڑ دیا۔ ارشاد فرمایا:وہ تم سے جھوٹ بولا اور وہ پھر آئے گا۔

    میں نے سمجھ لیا وہ پھر آئے گا، کیونکہ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرما دیا ہے۔میں اس کے انتظار میں تھا وہ آیا اور غلہ بھرنے لگا، میں نے اسے پکڑ لیا اور یہ کہا تجھے رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کے پاس پیش کروں گا۔ اس نے کہا مجھے چھوڑ دو، میں محتاج ہوں، عیال دار ہوں، اب نہیں آؤں گا۔ مجھے رحم آگیا، اسے چھوڑ دیا ۔

صبح ہوئی تو حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:ابوہریرہ تمہارا قیدی کیا ہوا؟ میں نے عرض کی، اس نے حاجت شدیدہ اور عیال داری کی شکایت کی، مجھے رحم آیا، اسے چھوڑ دیا۔ حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:وہ تم سے جھوٹ بولا اور پھر آئے گا۔

    میں اس کے انتظار میں تھا وہ آیا اور غلہ بھرنے لگا، میں نے پکڑا اور کہا:تجھے حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کے پاس پیش کروں گا تین مرتبہ ہوچکا تو کہتا ہے نہیں آئے گا پھر آتا ہے۔ اس نے کہامجھے چھوڑ دو، میں تمھیں ایسے کلمات سکھاتا ہوں جن سے اللہ (عزوجل)تم کو نفع دے گا، جب تم بچھونے پر جاؤ آیت الکرسی آخر آیت تک پڑھ لو، صبح تک اللہ(عزوجل)کی طرف سے تم پر نگہبان ہوگا اور شیطان تمھارے قریب نہیں آئے گا۔ میں نے اسے چھوڑ دیا ۔


جب صبح ہوئی، حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:تمہارا قیدی کیا ہوا؟ میں نے عرض کی، اس نے کہا چند کلمات تم کو سکھاتا ہوں، اللہ تعالیٰ تمہیں ان سے نفع دے گا۔ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:یہ بات اس نے سچ کہی اور وہ بڑا جھوٹا ہے اور تمھیں معلوم ہے کہ تین راتوں سے تمہارا مخاطب کون ہے؟ میں نے عرض کی نہیں۔ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا کہ وہ شیطان ہے ۔

(البخاري ،کتاب الوکالۃ، باب إذا وکل رجلا...إلخ، الحدیث:۲۳۱۱،ج۲،ص۸۲)
(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی)