نکاح ِعلی و فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنھما قسط نمبرنو


حضرتِ سیِّدُناعلی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم حضرتِ سیِّدَتُنا فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے محبت بھری گفتگو کرنے لگے یہاں تک کہ جب رات کا اندھیرا چھا گیا تو وہ رونے لگیں۔

حضرتِ سیِّدُناعلی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہ، الْکَرِیْم نے پوچھا : '' اے تمام عورتوں کی سردار! کیاآپ خوش نہیں کہ میں آپ کا شوہر ہوں اور آپ میری بیوی ہیں؟''
کہنے لگیں:'' میں کیونکر راضی نہ ہوں گی ،آپ تو میری رضا بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ہیں، میں تو اپنی اس حالت و معاملے کے متعلق سوچ رہی ہوں کہ جب میری عمر بِیت جائے گی اور مجھے قبر میں داخل کردیاجائے گا، آج میرا عزت و فخر کے بستر میں داخل ہونا کل قبر میں داخل ہونے کی مانند ہے۔

آج رات ہم اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں کھڑے ہو کر عبادت کریں گے کہ وہی عبادت کا زیادہ حق رکھتا ہے ۔''اس کے بعد وہ دونوں عبادت کی جگہ کھڑے ہو کر ربّ ِقدیر عَزَّوَجَلَّ کی عبادت کرنے لگے۔پھر وہ دونوں اپنے بستر پر آرام فرما ہوئے۔

چوتھے دن حضرتِ سیِّدُنا جبرائیل امین علٰی نبیناوعلیہ الصلٰوۃ والسلام آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی خدمتِ بابرکت میں حاضر ہوئے اور عرض کی:'' اللہ تعالیٰ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کو سلام بھیجتا ہے اور ارشاد فرماتاہے کہ علی اور فاطمہ نے تین دن سے نینداور بستر کو ترک کر رکھا ہے اورعبادت اور روزوں میں مصروف ہیں،تم ان کے پاس جاؤ اور ان سے ارشاد فرماؤ کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ تمہاری وجہ سے ملائکہ پرفخر فرما رہا ہے اور یہ کہ تم دونوں بروزِ قیامت گنہگاروں کی شفاعت کرو گے۔''

آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم فورًا ان کے گھر تشریف لائے تو وہاں حضرتِ سیِّدَتُنا اسماء بنت عمیس رضی اللہ تعالیٰ عنہاکو پایا تو استفسار فرمایا: '' کس چیز نے تجھے یہاں ٹھہرایا ہے؟ حالانکہ گھر میں ایک مرد بھی موجود ہے۔''

انہوں نے عرض کی:''یا رسول اللہ عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ! میرے ماں باپ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر قربان! جب کوئی لڑکی شادی کی پہلی رات اپنے خاوند کے پاس آتی ہے تو اسے ایک ایسی عورت کی ضرورت ہوتی ہے جو اس کی دیکھ بھال کرے اوراس کی ضروریات پوری کرے۔لہٰذاحضرت سیِّدَتُنا فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی ضروریات پوری کرنے کے لئے میں یہاں ٹھہرگئی۔''

اس پرآپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی چشمانِ مبارک نَم ناک ہو گئیں اوردعا فرمائی : '' اے اسماء (رضی اللہ تعالیٰ عنہا)! اللہ عَزَّوَجَلَّ تیری دنیا و آخرت کی تمام حاجات پوری فرمائے ۔



جاری ہے ۔۔۔۔