راستے کے چند حقوق


 
حدیث کی مشہور کتاب  بخاری شریف میں ہے کہ :ـ

حضور نبی اکرم ﷺ نے صحابہ کرام سے فرمایا کہ  : تم لوگ راستوں پر بیٹھنے سے بچو۔ تو صحابہ کرام علیھم الرضوان نےعرض کیا  : یا رسول اﷲ ﷺ ۔۔۔! راستوں میں بیٹھنے کے علاوہ تو ہم لوگوں کےپاس کوئی چارہ ہی نہیں ہے۔ کیونکہ ان راستوں ہی میں تو ہم لوگ بیٹھ کر بات چیت کیا کرتے ہیں۔

 تو رسول اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ  : اگر تم لوگ راستوں پر بیٹھو تو راستوں کا حق ادا کرتے رہو۔لوگوں نے کہا کہ :  یا رسول اﷲ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم! راستوں کے حقوق کیا ہیں۔۔۔ ؟  تو  آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایا کہ  : راستوں کے حقوق پانچ ہیں جو یہ ہیں۔

(۱)نگاہ نیچی رکھنا۔  تاکہ غیر مِحرم عورتوں اور مسلمانوں کے عیوب مثلاً لنگڑے  یا لولے وغیرہ کو  گھور گھور کر نہ دیکھیں کہ جس سے ان کی دل آزاری ہو۔

(۲)کسی مسافریا راہ گیر کو تکلیف  نہ پہنچائیں۔ مطلب یہ ہے کہ راستوں میں اس طرح نہ بیٹھیں کہ راستہ تنگ ہو جائے اورراستہ چلنے والوں کا مذاق نہ اڑائیں نہ عیب جوئی وغیرہ کریں ۔

(۳)ہرگزرنے والے کے سلام کا جواب دیتے رہیں۔

(۴)راستہ چلنے والوں کو اچھی باتیں بتاتے رہیں۔

(۵)خلاف شریعت اور بری باتوں سے لوگوں کو منع کرتے رہیں۔

(صحیح البخاری ۔۷۹۔کتاب الاستئذان ، باب (۲)رقم ۶۲۲۹،ج۴،ص۱۶۵)

(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی) 


سیدنا فاروقِ اعظم رضي اللہ عنہ کا احساسِ ذمہ داری


ایک مرتبہ امیر المؤمنین حضرتِ سیدنا عمرفاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ رات کے وقت مدینہ منورہ کے مقدّس گلی  کُوچوں میں مدَنی دورہ فرمارہے تھے۔ اِس دوران آپ نے دیکھا کہ ایک عورت اپنے گھر میں چولہے پر دیگچی چڑھائے بیٹھی ہے اور اس کے بچے اردگرد بیٹھے رورہے ہیں ۔

حضرتِ سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس عورت سے دریافت فرمایا،'' یہ بچے کیوں رورہے ہیں؟''اس عورت نے عرض کی ،''یہ بھوک کی وجہ سے رورہے ہیں۔'' آپ نے پوچھا،'' اس دیگچی میں کیا ہے؟''وہ بولی،'' میں نے ان بچوں کو بہلانے کے لئے اس میں پانی بھر کر چڑھادیا ہے تاکہ بچے یہ سمجھیں کہ اس میں کچھ پک رہا ہے اور انتظار کر تے کر تے سوجائیں۔''

یہ سن کر حضرت سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ بے قرار ہوگئے اورفوراًواپس لوٹے۔آپ نے ایک بڑی سی بوری میں آٹا ،گھی ،چربی ،چھوہارے ، کپڑے اور روپے منہ تک بھر لئے اور اپنے غلام اسلم سے ارشاد فرمایا ،''اسلم! یہ بوری ہماری پیٹھ پر لاد' دو ۔''انہوں نے عرض کی ،''اے امیر المؤمنین !اسے میں اپنی پیٹھ پر اٹھا لیتا ہوں۔''تو آپ نے ارشاد فرمایا،'' نہیں! اسے میں ہی اٹھاؤں گا ـکیونکہ اس کا سوال آخرت میں مجھ ہی سے ہو نا ہے ۔''
پھر وہ بوری اپنی پشت مبارک پر اٹھا کر اس عورت کے گھر لے گئے اور اس دیگچی میں آٹا ،چربی اور چھوہارے ڈال کر اسے چولہے پر چڑھایا اور کھانا تیار کرنے لگے۔ جب کھانا تیار ہوگیا تو اس عورت کے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے پیٹ بھر کر کھانا کھلایا۔ اس کے بعد باہر صحن میں تشریف لے آئے اور ان بچوں کے سامنے اس انداز میں بیٹھ گئے جیسے کوئی جانور بیٹھتا ہے ۔

 آپ کے غلام اسلم کا بیان ہے کہ میں آپ کے رعب کی وجہ سے کچھ نہ کہہ سکا۔ آپ کافی دیر یونہی بیٹھے رہے یہاں تک کہ بچے آپ کے ساتھ ہنسنے کھیلنے لگے۔جب آپ رضی اللہ عنہ وہاں سے واپس تشریف لارہے تھے تو اپنے غلام سے دریافت فرمانے لگے ،''تم جانتے ہو کہ میں ان بچوں کے ساتھ اس طرح کیوں بیٹھا تھا؟''غلام نے عرض کی،'' نہیں !'' تو ارشاد فرمایا ، جب میں نے انہیں روتا ہوا دیکھا تو مجھے یہ گوارا نہ ہوا کہ انہیں یونہی چھوڑ کر آجاؤں،لہذا! جب بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ طاری ہوئی تو میرا 
دل شاد ہوگیا ۔

(کنزالعمال ، کتاب الفضائل ، باب فضل الصحابۃ ، ج۱۲، ص ۴۵۶، رقم  : ۳۵۹۷۳)

(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی) 

بھائی چارے کی اہمیت قرآن و حدیث کی روشنی میں



حضور محسنِ انسانیت  ﷺ نے فرمایا :۔

'' ایک شخص اپنے ایک دینی بھائی سے ملاقات کے لئے گیا تو اﷲ (عزوجل) نے اس کے راستے میں ایک فرشتہ بٹھا دیا' اس نے پوچھا کہاں جارہے ہو ؟ اس نے جواب دیا فلاں بھائی سے ملاقات کے لئے جارہا ہوں' اس نے پوچھا اس سے کوئی کام ہے اس نے جواب دیا نہیں' فرشتے نے پوچھا تمہارے درمیان کوئی رشتہ داری ہے ؟ اس نے کہا نہیں' پوچھا اس نے تم پر کوئی احسان کیا ہے ؟ اس نے جواب دیا نہیں۔ اس نے پوچھا تو پھر کیوں اس سے ملاقات کررہے ہو؟ اس نے کہا میں اﷲ (عزوجل) کے لئے اس سے محبت کرتا ہوں۔ فرشتے نے کہا اﷲ (عزوجل) نے مجھے تمہاری طرف بھیجا ہے اور وہ تمہیں مطلع کرتا ہے کہ وہ (اﷲ عزوجل) تم سے محبت کرتا ہے اور اس نے تمہارے لئے جنت واجب کردی ہے''۔
  (صحیح مسلم جلد ۲ ص ۳۱۷ کتاب البر)

نبی اکرم شاہ بنی آدم  صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا'' جب دو آدمی آپس میں اﷲ (عزوجل) کے لئے محبت کرتے ہیں تو ان میں سے جو شخص دوسرے سے زیادہ محبت کرتا ہے وہ اﷲ (عزوجل) کو زیادہ محبوب ہوتا ہے۔''
(المستدرک للحاکم جلد ۴ ص ۱۷۱ کتاب البروالصلۃ)

اسی طرح رحمت عالمیا ن سرور ذیشان  ﷺ نے ایک اور جگہ ارشاد فرمایا:ـ
''اﷲ (عزوجل) ارشاد فرماتا ہے کہ میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں' میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں' میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے پر خرچ کرتے ہیں اور میری محبت ان لوگوں کے لئے ثابت ہوگئی جو میرے لئے ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں''۔ 

  (مسند امام احمد بن حنبل جلد۵ ص ۳۲۸ مرویات عبادہ بن سمات)

رحمت عالمیا ن سرور ذیشان  ﷺ نے مزید ایک اور مقام پر ارشادفرمایا:

''اﷲ (عزوجل) قیامت کے دن فرمائے گا وہ لوگ کہاں ہیں جو میرے جلال کی خاطر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں آج میں ان کو اپنے سائے میں جگہ دوں گا جب کہ میرے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہیں''۔

(السنن الکبریٰ للبیہقی جلد ۱۰ ص ۲۳۳ کتاب الشہادات)

ایک جگہ مزید ارشاد  فرمایا:

''جو شخص اﷲ (عزوجل) کی رضا کی خاطر کسی دوسرے شخص سے اس کی ملاقات کا شوق اور رغبت کرتے ہوئے اس سے ملاقات کرتا ہے تو اس کے پیچھے سے ایک فرشتہ آواز دیتا ہے کہ تو پاک ہوا' تیرا چلنا پاک ہے اور تیرے لئے پاکیزہ جنت ہے۔ ''

(جامع ترمذی ص ۲۹۴ ابواب البر)


اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اللہ تعالٰی کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔۔۔ آمین ۔

(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی)

ماں باپ کے چند حقوق


اپنے والدین کا احترام دنیاوآخرت میں کامیابی کے بہترین ذریعہ ہے۔آئیے اس حوالے سے کچھ اہم باتیں سیکھتے ہیں

(۱)خبردار خبردار ہرگز ہرگز اپنے کسی قول و فعل سے ماں باپ کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ دیں۔

(۲)اپنی ہر بات اور اپنے ہر عمل سے ماں باپ کی تعظیم و تکریم کرے اور ہمیشہ ان کی عزت و حرمت کا خیال رکھے۔

(۳)ہر جائز کام میں ماں باپ کے حکم کو مانے۔

(۴)اگر ماں باپ کو کوئی بھی حاجت ہو تو جان و مال سے انکی اس حاجت کو پورا کرنے کی کوشش کرے ۔

(۵)اگر ماں باپ اپنی ضرورت سے اولاد کے مال وسامان میں سے کوئی چیز لے لیں تو خبردار خبردار ہر گز ہر گز برا نہ مانیں۔ نہ اظہار ِناراضی کریں۔ بلکہ یہ سمجھیں کہ میں اورمیرا مال سب ماں باپ ہی کا ہے  ۔

(۶)ماں باپ کا انتقال ہوجائے تو ان کے لئے مغفرت کی دعائیں کرتے رہیں  اور فاتحہ دلا کر ان کی ارواح کو ایصال ثواب کرتے رہیں۔

(۷)ماں باپ کے دوستوں اور ان کے ملنے جلنے والوں کے ساتھ بھلائی اور اچھا برتاؤکرتے رہیں۔

(۸)ماں باپ کے ذمہ جو قرض ہو اس کو ادا کریں ، جن کاموں کی وہ وصیت کر گئے ہوں۔ ان کو پورا کریں۔

(۹)جن کاموں سے زندگی میں ماں باپ کو تکلیف ہوا کرتی تھی ان کی وفات کے بعد بھی ان کاموں کو نہ کریں کہ اس سے انکی روحوں کو تکلیف پہنچے گی۔

(۱۰) ماں باپ کی قبروں کی زیارت کے لئے بھی جایاکریں۔  فاتحہ پڑھیں۔

یاد رکھیے کہ  ۔۔۔۔ دادا' دادی'نانا'نانی'چچا' پھوپھی' ماموں'خالہ وغیرہ کے  بھی حقوق بہت زیادہ ہیں ،یوں ہی بڑے بھائی کا حق بھی باپ ہی جیسا ہے چنانچہ حدیث شریف میں ہے کہ:۔

’’ بڑے بھائی کا حق چھوٹے بھائی پر ایسا ہے جیسا کہ باپ کا حق بیٹے پر ہے۔‘‘

(شعب الایمان للبیھقی ،رقم ۷۹۲۹، ج۶، ص۲۱۰)

(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی)


چھوٹی چیزوں کو نظر انداز نہ کیجئے ورنہ



:ـ چھوٹے چھوٹے سوراخوں سے
بڑے بڑے جہاز ڈوب جاتے ہیں
:ـ چھوٹی چھوٹی غلط فہمیاں
بڑے بڑے مضبوط تعلقات کو کھا جاتی ہیں
:ـ چھوٹے چھوٹے شگاف
بڑے بڑے سیلابوں کا سبب بن جاتے ہیں
:ـ چھوٹی چھوٹی سی بیماریاں
بڑے بڑے امراض تک لے جاتی ہیں
:ـ چھوٹے چھوٹے گناہ
 بڑے بڑے گناہوں کا سبب بن جاتے ہیں
:ـ چھوٹی چھوٹی فضول باتیں
سارے ایمان کو خسارے میں ڈال سکتی ہیں۔

(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی)

پیارے آقا ﷺ ان رنگوں کو بھی استعمال فرماتے تھے



 پیارے آقا نے مختلف اوقات میں مختلف رنگوں کے عمامے زیبِ سر فرمایا کرتے تھے۔ جن میں سے کچھ کا ذکر کتب احادیث و سیر میں موجود ہے ۔آئیے اس حوالے سے مفید معلومات آپ بھی پڑھئے اور دوسروں تک پہنچائیے۔
       
الفت ہے مجھے گیسوئے خَمدارِ نبی سے    اَبرو و پَلک آنکھ سے رُخسارِنبی سے
پَیراہَن و چادر سے عصا سے ہے مَحَبَّت   نَعلَیْنِ شَرِیفَین سے دَستارِنبی سے

سیاہ عمامہ مبارک

:ـ ایک موقع پر تو سیدنا جبریلِ امین علیہ السلام نے پیارے آقا کو سیاہ رنگ کا عمامہ شریف باندھا بھی ہے۔
:ـ سب سے آخر ی خطبہ دیتے وقت سرِ اقدس پر چکنی پٹی یا سیاہ رنگ کا عمامہ شریف سجا ہوا تھا۔
:ـ فتحِ مکہ کے دن  خاکستری مائل بسیاہی رنگ  کا عمامہ پہنا ۔ 
:ـ فتحِ مکہ کے دن نبیٔ کریم اور حضرت عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ تعالی عنہ اپنے سر پر سیاہ عمامہ باندھے ہوئے تھے۔ (الشریعۃ للآجری، کتاب فضائل العباس بن عبدالمطلب الخ ، باب ذکر تعظیم قدر العباس الخ ، ۵/۲۲۵۱، رقم:۱۷۳۲)
 :ـ غزوۂ خندق کے روز نبیٔ کریم   کا عمامہ مبارک سیاہ رنگ کا تھا۔ (شعب الایمان ، باب فی الملابس الخ ، فصل فی العمائم، ۵/۱۷۳، حدیث:۶۲۴۷)
:ـ پیارے آقا   کا ایک سیاہ عمامہ شریف تھا جسے آپ عیدین پر پہنا کرتے اور شملہ پیچھے لٹکایا کرتے تھے۔ (الکامل فی ضعفاء الرجال ، من اسمہ محمد ، محمد بن عبیداللہ الخ، ۷/۲۴۹)
:ـ  حدیبیہ کے دن رسول اللہ   سیاہ عمامہ شریف پہنے ہوئے تھے جس پر کچھ غبار (برکتیں لوٹ رہا) تھا۔  (اخبار اصبہان، باب الزا، ۱/۴۳۱)
:ـ ایک مرتبہ قحط سالی کے وقت مدینہ منورہ سے بقیعِ غَرقَد (جَنَّتُ البَقِیع) کی طرف تشریف لے گئے، اس وقت آپ سیاہ عمامہ پہنے ہوئے تھے جس کا ایک شملہ اپنے سامنے اور دوسرا اپنے دونوں کندھوں کے درمیان لٹکا ئے ہوئے تھے۔ (کنزالعمال ، کتاب الصلاۃ ، الباب السابع فی صلاۃ النفل، صلاۃ الاستسقاء ، الجز۸، ۴/۲۰۳، حدیث:۲۳۵۴۱)
         
حَرقانی عمامہ مبارک
        نبی ٔ پاک   کے مختلف رنگ کے عماموں میں ایک حرقانی رنگ کا عمامہ شریف بھی تھا۔ یہ خالص سیاہ رنگ کا نہیں تھا بلکہ جیسے کسی چیز کو آگ سے جلا دیا جائے تو اس کا رنگ قدرے سیاہی مائل ہو جاتا ہے ۔ آپ  کا یہ عمامہ مبارک بھی ایسا ہی سیاہ تھا جیسے آگ سے جلی ہوئی شے کا رنگ ہوتا ہے۔  (نسائی، کتاب الزینۃ، لبس العمائم الحرقانیۃ، ۱/۸۴۶، حدیث: ۵۳۵۳)
اوراکثر دورانِ سفر سیاہ حرقانی رنگ کاعمامہ شریف پہنتے تھے۔ (الحاوی للفتاوی ، کتاب الصلوۃ، باب اللباس، ۱/۸۳)

زرد عمامہ مبارک


 آپ کا زرد عمامہ شریف باندھنا بھی کئی احادیث سے ثابت ہے، مرضِ وصال آپ کے سرمبارک پر عمامہ زرد تھا۔ (الشمائل المحمدیۃ، باب ما جاء فی إتکاء رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، ص۹۳، حدیث:۱۲۹)
بدر کے میدان میں فرشتوں کے عمامے زرد رنگ کے تھے پھر نبی کریم بھی زرد عمامہ شریف زیبِ سر کیے تشریف  لائے ۔ (تاریخ ابن عساکر، ذکرمن اسمہ زبیر ، ۱۸/۳۵۴)
حضرت سیّدنا عبداللہ ابن عمررضی اللہ عنہما اپنی داڑھی مبارک کو زرد رنگ سے رنگتے تھے یہاں تک کہ آپ رضی اللہ عنہ کے کپڑوں میں بھی زرد رنگ لگ جایا کرتا تھا۔ آپ سے پوچھا گیا آپ زرد رنگ سے  کیوں رنگتے ہیں ، تو  آپ رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا: میں نے پیارے آقا کو زرد رنگ سے رنگتے دیکھا ہے اور آپ کو اس سے زیادہ اور کوئی رنگ محبوب نہ تھا آپ پورے لباس کو اس میں رنگتے حتی کہ عمامہ شریف کو بھی اسی رنگ میں رنگا کرتے تھے۔ (ابوداؤد ، کتاب اللباس ، باب فی المصبوغ بالصفرۃ ، ۴/۷۳، حدیث:۴۰۶۴) 

زعفرانی عمامہ مبارک

حضرت سیّدنا عبداللہ بن جعفر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : میں نے نبی ٔ کریم کو زعفران سے رنگے ہوئے دو کپڑے’’ چادر اور عمامہ ‘‘پہنے ہوئے دیکھا۔ (مستدرک حاکم، ذکر عبداللہ بن جعفر الخ، سخاوۃ عبداللہ بن جعفر، ۴/۷۳۹، حدیث:۶۴۷۴)
حضرت سیّدنا یحییٰ بن عبداللہ بن مالک عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْخَالِق  فرماتے ہیں : نبیٔ کریم اپنے کپڑوں کے ساتھ عمامے کو بھی زعفران سے رنگا کرتے تھے۔ (مصنف ابن ابی شیبہ ، کتاب اللباس، باب فی الثیاب الصفر للرجال، ۱۲/۴۷۶، حدیث:۲۵۲۴۳)
حضرت سیّدنا عبداللہ بن جَعفَر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں : میں نے رسولِ کریم  کی زیارت کی تو میں نے دیکھا کہ آپ کی چادر اور عمامہ شریف دونوں زعفران سے رنگے ہوئے تھے۔ (مسند ابی یعلٰی، مسند عبد اللہ بن جعفر الہاشمی، ۶/۳۴، حدیث:۶۷۵۶)

سفید عمامہ مبارک
حضرت سیّدنا ابو سعید خُدرِی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ روایت فرماتے ہیں کہ رسول اللہ درِدولت سے باہر تشریف لائے جب کہ لوگ زیارت کے لیے جمع تھے اور آپ (کی طبیعت مبارک)  کے متعلق پوچھ رہے تھے، پس آپ  کپڑا لپیٹے یوں تشریف لائے کہ آپ کی چادر مبارک کے دونوں کنارے آپ کے مبارک کندھوں سے لٹک رہے تھے اور سرِاقدس پر سفید عمامہ شریف سجا رکھا تھا۔ 
(طبقات ابن سعد، ذکر ما قال رسول اللہ ﷺ فی مرضہ الذی مات فیہ للانصار، ۲/ ۱۹۳ )


دھاری دارسرخ عمامہ مبارک

حضرت سیّدنا اَنَس بن مالک  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : میں نے رسول اللہ  کو اس طرح وضو فرماتے دیکھا ، آپ نے قِطری ( سرخ دھاری دار کھردرہ ) عمامہ شریف باندھ رکھا تھا ۔

(ابوداؤد ، کتاب الطہارۃ، باب المسح علی العمامۃ ، ۱/۸۲، حدیث: ۱۴۷)

سبز عمامہ مبارک

سبز عمامہ شریف بھی رسول اکرم سے پہننا ثابت ہے چنانچہ  
علّامہ شیخ عبدالحق محدّث دہلوی  عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں ، سرکارِ کا مبارک عمامہ اکثر سفید اور کبھی سیاہ اور بعض اوقات سبز ہوتا۔ (کشف الالتباس فی استحباب اللباس، ص ۳۸)
حضرت عبد اللہ  ابن عباس رَضِی اللہ تَعالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے: ’’ بَدَر کے روز فرشتوں کی نشانی سفید عمامے اور بروزِ حُنین سبز سبز عمامے تھی‘‘۔  (تفسیر خازن، پ ۹، الانفال، تحت الآیۃ۹، ۲/۱۸۲)
حضرت علّامہ عَبدُالغَنِی بِن اِسمَاعِیل نابُلُسِی حَنَفِی عَلَیہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْغَنِی اور حضرتِ علّامہ محمد عبد  الرَّءُوف مناوی عَلَیْہ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں کہ (قربِِ قیامت ) جب حضرت سیِّدنا عیسٰی زمین پر تشریف لائیں گے تو آپ کے سرِ اقدس پر سبزسبز عمامہ شریف ہو گا۔ (الحدیقۃ الندیۃ، ۱/۲۷۳، فیض القدیر، حرف الدال ، فصل فی المحلی بال من ھذا الحرف، ۳/۷۱۸، تحت الحدیث:۴۲۵۰، عقدالدرر فی اخبار المنتظر، الفصل الثانی فیما جاء من الآثار الدالۃ علی خروج الدجال الخ، ص۳۴۲)  
صحابۂ کرام رِضوَانُ اللہِ تَعالٰی عَلَیہِم اَجمَعِین سے بھی سبز عمامہ شریف کا ثبوت ملتا ہے چنانچہ
حضرت سیّدنا سلیمان بن ابوعبداللہ تابعی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں :میں نے دیکھا کہ مہاجرین اولین (صحابہ ) سیاہ، سفید، سرخ، سبزاور زرد رنگ کے سوُتی عمامے باندھا کرتے تھے۔ (مصنف ابن ابی شیبہ ، کتاب اللباس ، باب من کان یعتم بکور واحد ، ۱۲/۵۴۵، حدیث: ۲۵۴۸۹ واللفظ لہ، مسند اسحاق بن راہویہ، ما یروی عن الاسود بن یزید الخ، ۳/۸۸۲، رقم: ۱۵۵۶)

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ  ہمیں حضور اکرم  کی ہر سنت کو اپنانے کی توفیق عطاء فرمائے ۔۔۔ آمین
(  منجانب : سوشل میڈیا ، دعوت ِ اسلامی)