Ameer-e-AhleSunnat Allama Ilyas Qadri and Rabi-ul-Awwal

حقوقِ عامہ کا خیال
شیخ طریقت امیرِ اہلِسنّت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں:
اپنے گھر پر ۱۲ جھا لروں (یعنی لڑیوں)یا کم ازکم ۱۲ بلبوں سے نیز اپنی مسجد ومحلے میں بھی ۱۲ دن تک خوب چراغاں کیجئے۔(مگر ان کاموں کیلئے بجلی چوری کرنا حرام ہے۔ لہٰذا اس سلسلے میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کر کے جائز ذرائع کی ترکیب بنایئے) سارے علاقے کو سبز سبز پرچموں اوررنگ برنگے بلبوں سے سجا کر دلہن بنادیجئے۔مسجد اور گھر کی چھت پر چوک وغیرہ پر راہگیروں اور سواریوں کو تکلیف سے بچاتے ہوئے حقوق عامہ تلف کئے بغیر فضا میں معلق۱۲ میٹر یا حسب ضرورت سائز کے بڑے بڑے پرچم لہرائیے۔ بیچ سڑک پر پرچم مت گاڑیئے کہ اس سے ٹریفک کا نظام متأثر ہوتا ہے۔نیز گلی وغیرہ کہیں بھی اس طرح کی سجاوٹ نہ کیجئے جس سے مسلمانوں کا راستہ تنگ ہو اور ان کی حق تلفی اور دل آزاری ہو۔
بیت اقصی، بام کعبہ، بر مکانِ آمِنہ
نصب پرچم  ہوگیا،اھلا وسھلامرحبا
(وسائلِ بخشش ص۴۵۵)


عیدمیلاد النبی توعیدکی بھی عیدہے
شیخ طریقت امیرِ اہلِسنّت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں:
۱۲ ویں شب اجتماعِ میلاد میں گزار کربوقت صبح صادق اپنے ہاتھوں میں سبز سبز پرچم اُٹھا ئے درود و سلام کے ہار لئے اشکبار آنکھوں سے ،،صبحِ بہاراں،،  کا استقبال کیجئے۔ بعد نماز فجر سلام وعید مبارک کہہ کر ایک دوسرے سے گرم جوشی کے ساتھ ملاقات فرمایئے اور سارا دن عید کی مبارکباد پیش کرتے اور عید ملتے رہئے ۔
عید میلاد  النبی تو عید کی بھی عید ہے
بالیقیں ہے عیدعیداں عید میلاد  النبی
(وسائلِ بخشش ص۴۶۵)
جشنِ ولادت کی خوشی میں روزہ
شیخ طریقت امیرِ اہلِسنّت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں:
ہمارے میٹھے میٹھے آقا صلّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم پیر شریف کو روزہ رکھ کر اپنا یوم ولادت مناتے رہے۔ آپ بھی یادِ مصطَفٰے صلّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم میں ۱۲ ربیع النورشریف کو روزہ رکھ کر سبز پر چم اٹھائے جلوس میلاد میں شریک ہوں۔جہاں تک ممکن ہو باوضو رہئے۔ لب پر درود وسلام اور نعتوں کے نغمے سجائے،نعتوں اور درود وسلام کے پھول برساتے، نگاہیں جھکائے پر وقار طریقے پر چلئے۔اچھل کود مچا کر کسی کو تنقید کا موقع مت دیجئے۔
ربیع الاول تجھ پر اہلسنّت کیوں نہ ہوں قرباں
کہ تیری بارھویں تاریخ وہ جانِ قمر آیا